آئین و قانون، شہریوں کے بنیادی حقوق اور جمہوریتِ و پارلیمان کی بقا و سلامتی کیلئے خوف و خدشات سے اوپر اٹھ کر مؤقف اختیار کرنے پر صدرِمملکت سے اظہارِتشکّر کرتے ہیں۔ ترجمان تحریک انصاف کا بیان
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نے صدرِمملکت کی ٹویٹ کی روشنی میں عدالتِ عظمیٰ سے فوری رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ میں ترامیم کے مسوّدوں پر صدرِمملکت کے دستخطوں کے معاملے میں پاکستان تحریک انصاف نے صدرِمملکت کی چشم کُشا ٹویٹ کی روشنی میں عدالتِ عظمیٰ سے فوری رجوع کا فیصلہ کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ آئین و قانون، شہریوں کے بنیادی حقوق اور جمہوریتِ و پارلیمان کی بقا و سلامتی کیلئے خوف و خدشات سے اوپر اٹھ کر مؤقف اختیار کرنے پر صدرِمملکت سے اظہارِتشکّر کرتے ہیں، قومی و عدالتی سطح پر صدرِمملکت کے مؤقف کی بھرپور تائید و حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔
آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ میں ترامیم کے مسوّدوں پر صدرِمملکت کے دستخطوں کا معاملہ
پاکستان تحریک انصاف کا صدرِمملکت کی چشم کُشا ٹویٹ کی روشنی میں عدالتِ عظمیٰ سے فوری رجوع کا فیصلہ
آئین و قانون، شہریوں کے بنیادی حقوق اور جمہوریتِ و پارلیمان کی بقا و سلامتی کیلئے خوف و… pic.twitter.com/pswyeYLavR
— PTI (@PTIofficial) August 20, 2023
خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خدا گواہ ہے میں نے آفیشل سیکرٹ ترمیمی بل 2023ء اور پاکستان آرمی ترمیمی بل 2023ء پر دستخط نہیں کیے کیوں کہ میں ان قوانین سے متفق نہیں تھا، میں نے اپنے عملے سے کہا وہ بغیر دستخط شدہ بلوں کو مقررہ وقت کے اندر واپس کر دیں تاکہ انہیں غیر موثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے عملے سے کئی بار تصدیق کی کہ آیا بغیر دستخط شدہ بل واپس بھیجے جا چکے ہیں؟ جس پر مجھے یقین دلایا گیا کہ بل واپس بھیج دیئے، تاہم مجھے آج پتا چلا ہے کہ میرے عملے نے میری مرضی اور حکم کو مجروح کیا، جیسا کہ اللہ سب جانتا ہے، وہ مجھے معاف کر دے گا لیکن میں ان لوگوں سے معافی مانگتا ہوں جو اس وجہ سے متاثر ہوں گے۔
As God is my witness, I did not sign Official Secrets Amendment Bill 2023 & Pakistan Army Amendment Bill 2023 as I disagreed with these laws. I asked my staff to return the bills unsigned within stipulated time to make them ineffective. I confirmed from them many times that…
— Dr. Arif Alvi (@ArifAlvi) August 20, 2023
بتاتے چلیں گزشتہ روز یہ خبر آئی تھی کہ صدر مملکت عارف علوی نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط کر دئیے ہیں،صدر مملکت نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ ترمیمی بل پر بھی دستخط کر دئیے، پی ڈی ایم کی گزشتہ حکومت میں قومی اسمبلی اور سینیٹ نے بل منظور ہونے کے بعد توثیق کیلئے صدر مملکت کو بھیجے تھے، دونوں بلوں پر اب عارف علوی نے دستخط کر دئیے ہیں، صدر کے دستخط کے بعد آرمی ایکٹ ترمیمی بل اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ ترمیمی بل قانون بن گئے۔