عمران خان ہمارے چیئرمین ہیں اور انشا اللہ رہیں گے،پارٹی میں کوئی گروپ ہے نہ کور کمیٹی اجلاس میں جھگڑا ہوا، مخالفین کو مایوس کرنے پر معذرت لیکن پی ٹی آئی متحد ہے۔جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی کی پارٹی میں اختلافات کی خبروں کی تردید
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے پی ٹی آئی میں اختلافات کی خبروں کی تردید کر دی۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پارٹی میں دراڑیں پڑنے کی خبر دینے والے نجی ٹی وی چینل کا نام لیتے ہوئے کہا کہ جیو نیوز ہمیشہ کی طرح پی ٹی آئی کے حوالے سے من گھڑت خبریں دے رہا ہے۔عمر ایوب نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان ہمارے چیئرمین ہیں اور انشا اللہ چیئرمین رہیں گے۔
پارٹی یا کور کمیٹی میں کوئی گروپ نہیں ہے۔ عمران خان کے بنائے ہوئے فریم ورک کے مطابق فیصلہ سازی اتفاق رائے سے ہو رہی ہے۔ میں وائس چئیرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں کبھی کوئی جھگڑا نہیں ہوا۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ مخالفین کو مایوس کرنے کے لیے معذرت لیکن پی ٹی آئی متحد کھڑی ہے۔
جو آنے والے عام انتخابات میں اللہ کی مرضی اور عوام کی حمایت سے ہمارے مخالفین کو شکست دے گی۔انہوں نے کہا کہ مخالفین انتخابات میں ہمارا مقابلہ کرنے کی تیاری کریں۔
1. Geo News as usual is reporting total fabricated news regarding PTI. 2. Former Prime Minister and Chairman PTI Imran Khan is our Chairman and will remain Chairman PTI InshaAllah.
3. There are no groups in PTI or the Core Committee.
4. Decision-making is being done with…— Omar Ayub Khan (@OmarAyubKhan) August 19, 2023
خیال رہے کہ عمر ایوب اور شاہ محمود قریشی میں عمران خان کا جانشین بننے کےلئے کوششیں تیز ہو گئیں۔رپورٹ کے مطابق کور کمیٹی کی میٹنگ کے دوران دو گروپ آمنے سامنے آگئے، سخت جملوں کا بھی تبادلہ ہوا۔
کور کمیٹی کی تفصیلات اور ریکارڈنگ باہر نکلنے پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے ایک دوسرے کو غدار قرار دیتے ہوئے الزامات بھی عائد کیے۔اس صورتحال میں کئی اراکین کی رائے ہے کہ کور کمیٹی اجلاس میں اب سنجیدہ معاملات پر گفتگو نہیں ہو سکتی۔کور کمیٹی کے ایک ممبر نے اجلاس میں دعویٰ کیا کہ یہاں کمیٹی میٹنگ میں ایک غدار ہے۔ عمر ایوب اور شبلی فراز اجازت دیں تو پارٹی کے اندر غدار کی نشاندہی کروں گا۔