فیصل آباد: (نیوز ڈیسک) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سانحہ جڑانوالہ کے متاثرہ مسیحی خاندانوں کیلئے دانش سکول میں قائم حفاظتی کیمپ کا دورہ کیا اور متاثرین میں ضرورت کی اشیاء اور تحائف تقسیم کئے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کمشنر سلوٹ سعید، آر پی او فیصل آباد عابد خان، ڈی آئی جی احسن یونس، سی پی او عثمان اکرم گوندل، ایس ایس پی محمد افضل، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسران کے ہمراہ متاثر ہونے والے مسیحی علاقوں کا بھی دورہ کیا۔
آئی جی پنجاب نے اپنے دورے کے دوران جڑانوالہ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سکیورٹی انتظامات، کرسچین آبادی میں متاثرہ گرجا گھروں اور رہائش گاہوں کا جائزہ لیا، ڈاکٹر عثمان انور نے مسیحی کمیونٹی کے نمائندوں اور شہریوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں پنجاب پولیس کی طرف سے بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
ڈاکٹر عثمان انور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب متاثرہ گرجا گھروں اور رہائش گاہوں کی بحالی کے کام کا فوری آغاز کر رہی ہے، پنجاب پولیس متاثرہ مسیحی کمیونٹی کے بچوں کو پولیس ویلفیئر سکولز میں مفت تعلیم اور سہولیات فراہم کرے گی۔