پاکستان بار کونسل کا عام انتخابات کے التوا پر سخت تشویش کا اظہار

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پاکستان بار کونسل نے عام انتخابات کے التوا پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کیخلاف مذمتی اعلامیہ جاری کر دیا۔

پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین ہارون رشید اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی حسن رضا پاشا نے مذمتی اعلامیہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق مقررہ مدت میں انتخابات کروائے۔

پاکستان بار کونسل نے کہا کہ انتخابات میں 90 دن کی آئینی حد سے زائد کی تاخیر کے فیصلے پر سخت تشویش ہے۔

اعلامیہ کے مطابق حلقہ بندیاں دوبارہ ترتیب دینے کا شیڈول الیکشن میں تاخیر کا حربہ ہے، آرٹیکل 224 الیکشن کمیشن کو پابند کرتا ہے کہ وہ عام انتخابات 90 دن کے اندر کروائے، ملک میں جمہوری عمل کے تسلسل کیلئے یہ ضروری ہے۔

پاکستان بار کونسل کی جانب سے مزید کہا گیا کہ بدترین معاشی حالات سے نکلنے کا واحد راستہ انتخابات ہی ہیں، آزاد، شفاف الیکشن وقت پر کروائے جائیں۔