چیف جسٹس پاکستان سے چیف الیکشن کمشنر کی ملاقات

ملاقات میں عام انتخابات کے معاملے پر بات چیت کی گئی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عام انتخابات کا معاملہ،ملکی منظر نامے پر اہم ملاقات ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ملاقات کی۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ چیف جسٹس پاکستان اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان ملاقات گزشتہ روز ہوئی جو دو گھنٹے جاری رہی،ملاقات میں عام انتخابات کے معاملے پر بات چیت کی گئی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل سپریم کورٹ میں حلقہ بندیوں کیخلاف کیس میں عام انتخابات کا تذکرہ ہوا تھا۔ سپریم کورٹ میں سندھ کے ضلع شکار کے 3 صوبائی حلقوں میں حلقہ بندیوں کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
عدالت نے حلقہ بندیوں سے متعلق معاملہ واپس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا۔

چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ عام انتخابات کب کرا رہا ہے؟۔ دورانِ سماعت ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے جواباََ کندھے اچکا دئیے۔ چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ یعنی ابھی تک تو انتخابات کی کوئی تاریخ ہی طے نہیں ہوئی۔ حلقہ بندیاں عوامی مفاد کا معاملہ ہے،سپریم کورٹ میں متعدد بار حلقہ بندیوں کا معاملہ آ چکا ہے۔ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے قرار دیا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیاں شفاف طریقہ کار سے کرے،سندھ میں حلقہ بندیوں پر حساسیت زیادہ ہے۔
سندھ سے اکثر گلہ کیا جاتا ہے کہ حلقہ بندیاں درست نہیں ہوئی،الیکشن کمیشن انتخابات سے قبل تمام معاملات حل کرے۔ سپریم کورٹ میں صوبائی حلقے پی ایس 7،8 اور 9 شکار پور کی حلقہ بندیاں چیلنج کی گئی تھیں۔ جبکہ چیف جسٹس پاکستان نے توہین عدالت کیس میں ریمارکس دئیے کہ میری نظر میں احسن اقبال بہت سنجیدہ اور دانشور انسان ہیں،جذبات میں انہوں نے کوئی بات کہہ دی ہو گی۔