پاکستان کے عبوری وزیراعظم اور ان کی ٹیم کیساتھ کام کرنے کو تیار ہیں: امریکہ

واشنگٹن: (نیوز ڈیسک) امریکہ نے کہا پاکستان کے عبوری وزیراعظم اور ان کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔ واشنگٹن میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ میں کہا جانتے ہیں پاکستان میں حکومت تحلیل کر دی گئی ہے، پاکستان میں آزادانہ اور شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔

ترجمان نے کہا ہم باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان سے شراکت داری جاری رکھیں گے، پاکستان میں معاشی استحکام، خوشحالی اور سلامتی چاہتے ہیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا پاکستان میں جمہوریت اور قانون کی حکمرانی دیکھنا چاہتے ہیں، افغانستان پر تفصیلی بات چیت کیلئے پاکستانی قیادت سے بھی رابطے میں ہیں۔ ترجمان کے مطابق پاکستان میں انسداد دہشت گردی پر مذاکرات اور مشاورت جاری ہے، علاقائی استحکام کو لاحق خطرات سے نمٹنے کیلئے پاک امریکہ مفادات مشترکہ ہیں۔

ترجمان نے کہا ہم دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے پاکستانی حکومت کی کوششوں کی بھی حمایت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں قانون کی حکمرانی کے تحت شہریوں کی حفاظت، تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔