سابق وزیر اعظم کی واپسی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، شہباز شریف اور مریم نواز ان کی واپسی سے متعلق مسلسل رابطے میں ہیں
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نواز شریف کی وطن واپسی حتمی مراحل میں داخل ہو گئی۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق سابق وزیر اعظم کی واپسی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، شہباز شریف اور مریم نواز ان کی واپسی سے متعلق مسلسل رابطے میں ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کی ستمبر میں پاکستان واپسی کیلیے مشاورت جاری ہے جبکہ ان کے وکلا نے واپسی کا مشورہ دے دیا۔
سپریم کورٹ ریویو آف آرڈر اینڈججمنٹس فیصلے کے باوجود نواز شریف واپس جائیں گے۔ واپسی پر قانونی مشکلات اور سابق وزیر اعظم کے وکلا نے دفاع کی مکمل تیاریاں کر لیں۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف اپنے بھائی سے ملاقات کیلیے آئندہ ہفتے لندن پہنچیں گے، رانا ثنا اللہ، خواجہ آصف، جاوید لطیف، پرویز رشید و دیگر بھی لندن آئیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ نواز شریف ستمبر میں واپس آ رہے ہیں اورقوم انہیں چوتھی بار وزیراعظم بنائےگی۔
میاں جاوید لطیف نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹوکو بھی عالمی سازش کےذریعے اقتدار سے اتارکر ماراگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کوپاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے کی سزا ملی، ان کا سی پیک کاعظیم تحفہ عالمی قوتوں کو ناگوارگزرا، عالمی سازش اب بھی جاری ہے لیکن نواز شریف کے راستے میں اب کوئی بارودی سرنگ برداشت نہیں کریں گے۔ ادھر سابق وزیر دفاع اور لیگی رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نہیں چاہتے کہ کسی اور کا اسکور نواز شریف سے سیٹل کرنے کی کوشش کی جائے، نواز شریف کیلیے کسی قسم کے خطرات نہیں چاہتے۔