سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا اور فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے لیا، آئی ایس پی آر
شمالی وزیرستان (نیوز ڈیسک) شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے خلاف آپریشن، 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا اور فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے لیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گرد بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کے دیگر جرائم میں بھی سرگرم تھے۔
علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقہ مکینوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کایقین دلایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گردوں ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیاتھا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق رنگ روڈ درگاہ پیر مسافر کے نزدیک جعفر آباد جانے والی گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی۔ ملزم اکرم علی، راشد حسین، محمد یوسف کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ملزموں کے قبضے سے 3 عدد ہینڈ گرنیڈ، ایک ٹائمر، 20 ڈیٹو نیٹر، نٹ بولڈ، بال بیرنگ برآمد ہوئے، 400 گرام دھماکہ خیز کیمیکل مواد، سیفٹی فیوز وائر 15 فٹ، ایک گاڑی بھی تحویل میں لے لی۔ ترجمان سی ڈی ٹی نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملزم رقم کے عوض دہشت گردوں کی مدد کرتے اور متعدد لوگوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزموں کے خلاف مزید تفتیش شروع کر دی۔