ملک میں جلد از جلد انتخابات چاہتے ہیں،مراد علی شاہ

عوام اقتدار جسے چاہتے ہیں اسے ملنا چاہیے،نگران وزیراعلٰی سندھ کیلئے سارے نام اچھے ہیں،وزیراعلٰی سندھ

کراچی (نیوز ڈیسک) مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ملک میں جلد از جلد انتخابات چاہتے ہیں،عوام اقتدار جسے چاہتے ہیں اسے ملنا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نگران وزیراعلٰی کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر سے کئی ناموں پر مشاورت ہوئی،نگران وزیراعلٰی کیلئے سارے نام اچھے ہیں،انکار کیسے کریں؟۔
انہوں نے کہا کہ جلد نگران حکومت بن جائے گی،کوشش ہے نگران وزیراعلٰی کیلئے کسی ایک نام پر اتفاق ہو جائے،نگران وزیراعلٰی ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کا نامزد ہو گا۔ انکا کہنا تھا کہ ہم لوگوں کے پاس جائیں گے کہ ہمیں دوبارہ منتخب کریں۔پیپلز پارٹی کے قیام سے آج تک ہم سب سے بڑی جماعت بن کر ابھر رہے ہیں،ہم کراچی کی بھی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھریں گے۔
وزیراعلٰی سندھ نے کہا کہ کئی بار ہمارا مینڈیٹ ہم سے چھینا گیا،ہم سندھ کے لوگوں کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نےکہا کہ میری ایڈوائس پر گورنر نے اسمبلی تحلیل کی،4 سال 11 ماہ بعد اسمبلی تحلیل ہوئی،اعتماد کا اظہار کرنے پر قیادت کا مشکور ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ نگران وزیراعلٰی سندھ کیلئے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت ہو گی،نگران وزیراعلٰی سندھ کے نام کیلئے 3 روز مشاورت کا وقت ہے۔
ناموں پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جائے گا،کمیٹی کے پاس تین روز میں نام فائنل کرنے کا وقت ہو گا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اگر پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق رائے نہ ہوا تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا۔ وزیراعلٰی سندھ نے تنقید کرتے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے غیر جمہوری اقدامات اٹھائے،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان وزیراعظم بننے کے بعد پہلی بار کراچی آئے تو وزیراعلیٰ کو اطلاع ہی نہیں دی گئی کہ وزیراعظم آ رہے ہیں۔گزشتہ دور حکومت میں ہمارے لئے مشکلات پیدا کی گئیں،ہماری حکومت کے 5 سال مشکل ترین تھے۔