یہ ملک اللہ تعالٰی کی عطاء ہے اور اس نے کامیاب ہونا ہے،سابق وفاقی وزیر
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسد عمر کا کہنا ہے کہ عوام نے گزشتہ ایک سال بہت مشکل گزارا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں عوام کو یومِ آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ایک سال صرف مشکل ہی نہیں پاکستانیوں کیلئے مشکل ترین گزرا ہے۔ لیکن یہ ملک اللہ تعالٰی کی عطاء ہے اور ان شاء اللہ اس نے کامیاب ہونا ہے،پاکستان زندہ باد۔
جبکہ اس سے قبل اسد عمر نے کہا کہ حکومت نے 16 ماہ میں ملکی معیشت کو تباہ کیا اور عوام کو تاریخ کی بدترین مہنگائی کا سامنا رہا۔ پی ڈی ایم حکومت نے پارلیمان کو بے توقیر اور جمہوریت کو کمزور کیا۔ انکا کہنا تھا کہ آئین سے انحراف اور اربوں کی کرپشن معاف کروا کر بالآخر پی ڈی ایم حکومت اپنے انجام کو پہنچی،اب عوام نے ان سے بدلہ انتخابات میں لینا ہے۔
علاوہ ازیں سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا تھا کہ نواز شریف کو آئندہ الیکشن میں اسلام آباد کے کسی بھی حلقے سے تحریک انصاف کے خلاف الیکشن لڑوا لیں،تا چل جائے گا کہ اسلام آباد والے کیا سمجھتے ہیں۔ مریم اورنگزیب کا پی ٹی آئی دور حکومت میں حلقے کیلئے صرف ایک ہینڈ پمپ لگانے کا دعویٰ جھوٹا ہے۔ تحریک انصاف کے دور میں اُن کے حلقے میں نئے کالجز، بنیادی صحت کے مراکز، سڑکوں کی توسیع، گلیوں اور سیوریج کے کروڑوں روپے کے منصوبوں پر کام ہوا۔
جبکہ مریم اور نگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور میں ہینڈ پمپ لگا کر تشہیر کی گئی، بالٹی، ڈبہ اور کنستر کے پیچھے چھپ کر عدالت جانے والے عوام سے آنکھیں نہیں ملا سکتے۔ وزیراعظم نے 15 ماہ میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھائے،معاشی بدحالی کو معاشی استحکام میں بدل دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں ہم ترقی کرتا ہوا پاکستان چھوڑ کر گئے تھے،پچھلے چار سال ملک کے اندر معاشی بدحالی تھی۔