اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کردئیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے کیس کی سماعت کی جس دوران پٹیشنر کے وکیل شیر افضل مروت نے عدالت کے سامنے پیش ہوکر چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے پاور آف اٹارنی پیش کیا اور کہا کہ جیلوں کے حوالے سے رولز دستیاب ہیں۔
چیف جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ جو بھی قانون قاعدہ ہو بتا دیجیے گا، اس کے مطابق آرڈر کردیں گے، ایک چیز ذہن میں رکھیں، جیلوں کے رولزمیں جوسہولت ہے وہی آرڈر کریں گے، جو وکلا ملنا چاہتے ہیں بتادیں، اس لحاظ سے آرڈر کردیں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست نمبر لگنے کے بعد کل دوبارہ سماعت کے لیے مقرر ہو گی اس درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی استدعا کی گئی ہے۔