اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ انتخابات ایک سے 2 ماہ میں ہو جانے چاہئیں کیونکہ کوئی نئی حلقہ بندیاں نہیں ہو رہیں، نواز شریف انتخابات سے قبل ضرور پاکستان آئیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اس بات کا اطمینان ہے کہ 4 اسمبلیاں اپنی مدت پوری کر چکی ہیں، ماضی میں 58 ٹو بی لگا کر اسمبلی 2 یا 3 سال میں فارغ کر دی جاتی تھی، پی ٹی آئی ہمیں 20 سال پہلے والے سیاسی اور معاشی بحران کی طرف لے گئی ہے، جمہوریت میں وزیر اعظم کا آنا جانا لگا رہتا ہے، برطانیہ بھی اس کی ایک مثال ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آئندہ اسمبلی عوام کی خواہشات کے مطابق بنے جو ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام لے کر آئے، ملک کی معیشت جب تک درست سمت میں نہیں جائے گی سیاست کبھی مستحکم نہیں ہو گی، نگران وزیر اعظم کے نام میں کوئی دلچسپی نہیں، نگران نگران ہی ہوتا ہے۔