سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج،خاندان کے افراد اور پارٹی کے سنیئر قائدین کو ملاقات کی اجازت دی جائے،عمران خان کو جیل میں اے کلاس کی سہولیات فراہم کی جائیں،درخواست میں مؤقف
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عمران خان کی اڈیالہ جیل منتقلی کیلئے درخواست دائر کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے،عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا نے درخواست دائر کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان کی قانونی ٹیم کو جیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عمران خان کو جیل میں اے کلاس کی سہولیات فراہم کی جائیں۔سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج،خاندان کے افراد اور پارٹی کے سنیئر قائدین کو بھی ملاقات کی اجازت دی جائے۔ دوسری جانب محکمہ داخلہ نے عمران خان کو جیل میں بی کلاس دینے کی منظوری دے دی۔
ذرائع محکمہ داخلہ نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بی کلاس کے تحت تمام سہولیات دے دی گئیں ہیں۔
عمران خان کو جیل میں ہفتے میں ایک روز فیملی سے ملاقات کی اجازت ہو گی۔ ادھر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیل کا حق ہے، اگرچیئرمین پی ٹی آئی کوسزاہوئی ہے تو وہ اس کا سامنا کریں۔ وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سادہ سے کیس میں سزاہوئی،قانون کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹرائل ہوا، 37 بار چیئرمین پی ٹی آئی غیرحاضر رہے۔
اعظم نذیرتارڑکا مزید کہنا تھا کہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانا ہرشہری کا فرض ہے،پارلیمنٹ میں موجودارکان اپنے اثاثوں کے گوشوارے ظاہر کرتے ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی نے ٹیکس گوشواروں میں اثاثے چھپائے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کاٹرائل ہوا،جبکہ گزشتہ مردم شماری پرسیاسی جماعتوں کواعتراض تھا۔