پنجاب کے مختلف اضلاع میں دفعہ 144 نافذ‘ مظاہروں پر پابندی لگ گئی

دفعہ 144 کی پابندی پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، نوٹیفکیشن جاری

لاہور ( نیوز ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے مظاہروں پر پابندی عائد کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں آئندہ 7 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جس کے تحت ہر قسم کے اجتماع، جلسوں اور مظاہروں پر پابندی لگائی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ جن اضلاع میں دفعہ 144 لگائی گئی ہے ان میں راولپنڈی، میانوالی، جہلم، اوکاڑہ، قصور، اٹک اور منڈی بہاؤالدین شامل ہیں، اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ اضلاع میں کسی بھی قسم کے اجتماع، جلسوں، مظاہروں اور ریلیوں پر پابندی ہے، جس پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ادھر نگران وزیراطلاعات پنجاب عامر میر نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پنجاب میں چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر کوئی ردعمل نہیں آیا، لاہور میں کسی طرح کا کوئی احتجاج نہیں ہوا، کسی نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
یاد رہے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کی سزا سنا دی جس کے بعد چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو زمان پارک لاہور سے گرفتار کرلیا گیا، عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ملزم کے خلاف جرم ثابت ہوتا ہے، ملزم نے الیکشن کمیشن میں جھوٹی تفصیلات جمع کرائیں، ملزم کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب پائے گئے ہیں، ملزم نے جان بوجھ کر الیکشن کمیشن میں جھوٹی تفصیلات دیں۔