حادثے کی اطلاعات ملی ہیں‘ تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ خواجہ سعد رفیق کی گفتگو
لاہور (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے ریلوے نے ہزارہ ایکسپریس کو پیش آنے والے افسوسناک حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نواب شاہ کے قریب سرہاری اسٹیشن پر ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے، ہزارہ ایکسپریس کراچی سے حویلیاں جارہی تھی کہ اس دوران حادثہ پیش آیا، جس کی وجہ سے اس کی کچھ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں اور کچھ الٹ گئیں۔
معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزیر برائے ریلوے نے ہزارہ ایکسپریس کو پیش آنے والے افسوسناک حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی تحقیقات کا حکم دے دیا، انہوں نے کہا ہے کہ حادثے کی اطلاعات ملی ہیں، تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں، واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔
بتایا گیا ہے کہ مسافروں کو بوگیوں سے نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے، اس افسوسناک حادثے میں متعدد افراد کے زخمی اور جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، جس کے باعث قریبی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
حادثے کے بارے میں ڈی ایس ریلوے محمود الرحمان نے بتایا کہ نواب شاہ کے قریب مسافر ٹرین کی تقریباً 10 بوگیاں پٹری سے اتری ہیں، اس حوالے سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، لوکوشیڈ روہڑی سے ریلیف ٹرین جائے حادثہ روانہ ہو رہی ہے، حادثے کے باعث اپ ٹریک پر ٹریفک معطل ہے، تاہم فی الحال حادثے کی وجوہات کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی ہزارہ ایکسپریس میں بہت زیادہ مسافر سوار تھے، ہزارہ ایکسپریس میں سوار مسافروں کو بوگیوں سے نکالنے کا کام جاری ہے، ٹرین حادثے میں 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، حادثے میں اموات کا بھی خدشہ ہے، ٹرین حادثے کے زخمیوں کو پیپلز میڈیکل ہسپتال منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔