سابق وفاقی وزیر کے والد محمد سعید کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد لوگوں کو احتجاج کیلئے اکسانے کے الزام میں سوات سے حراست میں لیا گیا
سوات (نیوز ڈیسک) مراد سعید کے والد کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کے والد کو حراست میں لے لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وفاقی وزیر کے والد محمد سعید کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد لوگوں کو احتجاج کیلئے اکسانے کے الزام میں سوات سے حراست میں لیا گیا۔
مراد سعید کے والد کو ان کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کر کے پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا۔ جبکہ پولیس کی جانب سے سوات میں تحریک انصاف کے دیگر کارکنوں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔ دوسری جانب عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف علاقوں سے احتجاج کرنے والے درجنوں کارکنان گرفتار کر لیے گئے۔
لاہور میں زمان پارک کے باہر سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لیے پہنچنے والے کارکنوں اور پولیس کے درمیان آنکھ مچولی ہوئی۔
پولیس نے زمان پارک کے باہر احتجاج کرنے والے 33 کارکنان کو پولیس وینز میں ڈال کر مختلف تھانوں میں منتقل کردیا جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ لبرٹی چوک سے بھی دو کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے کسی کارکن کو پر امن احتجاج کی اجازت بھی نہیں دی۔ شہر بھر میں پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ جہاں بھی پی ٹی آئی کے کارکنان نکلیں انہیں فوری گرفتار کیا جائے۔ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بھی پولیس نے احتجاج کرنے والے 15 کارکنوں کو حراست میں لیکر تھانوں میں منتقل کردیا۔ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف کراچی کے مختلف مقامات پر احتجاج کیا گیا، پولیس نے احتجاج کرنے والے کارکنان کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے شہر بھر سے 19 کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔