فردوس عاشق اعوان کی ملازمہ سے مبینہ بدتمیزی کی ویڈیو زیر گردش

ترجمان استحکام پاکستان پارٹی نے ویڈیو کے حوالے سے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اور استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان فردوس عاشق اعوان کی اپنی گھریلو ملازمہ سے گالم گلوچ اور تشدد کی مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، اس ضمن میں اپنے ردعمل میں ترجمان استحکام پاکستان پارٹی نے ویڈیو کے حوالے سے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر زیر گردش موبائل فون سے بنی ہوئی ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ فردوس عاشق اعوان ملازمہ کو گالیاں اور پولیس کو بلا کر اسے بند کرانے کی دھمکیاں بھی دے رہی ہیں، اس کے علاوہ ترجمان استحکام پاکستان پارٹی نے ویڈیو بنانے والے شخص کو بھی دھمکیاں دیں اور مبینہ طور پر رقم کا مطالبہ کرتی ہوئی نظر آئیں۔

اس حوالے سے اپنے ردعمل میں فردوس عاشق اعوان نے دعویٰ کیا کہ اس ویڈیو کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، یہ ویڈیو پرانی اور کسی اور کے گھر کی ہے جس نے چوری کے معاملے پر مجھےثالثی کے لیے بلایا تھا، میں نے جس پر تشدد کیا یا بدتمیزی کی اس کو کوئی سامنے لائے، ویڈیو اپلوڈ کرنے والے کے خلاف سائبر کرائم میں درخواست دوں گی۔
انہوں نے کہا کہ بے بنیاد الزامات لگانے سے گریز کیا جائے کیوں کہ کسی قسم کا تشدد نہیں ہوا بلکہ یہ ایک کریمنل گینگ ہے جو لوگوں کے گھروں میں کام کرتا ہے، یہ گینگ جب پکڑا جاتا ہے تو پھر کسی نہ کسی طرح سے بلیک میل کرتا ہے، جس کی وجہ سے اس گروپ کے خلاف پہلے بھی چوری کی ایف آئی آر درج ہے۔