شہریار آفریدی 2 روز میں دوسری مرتبہ رہا ہوتے ہی گرفتار

راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت میں شہریار آفریدی کے خلاف تھانہ نیو ٹاؤن میں درج کیس کی سماعت ہوئی، پولیس نے انہیں عدالت کے سامنے پیش کیا جہاں عدالت نے شہریار آفریدی کو مقدمہ سے ڈسچارج کر دیا، جج نے ایس ایس پی آپریشنز کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا۔

بعد ازاں شہریار آفریدی کو انسداد دہشتگردی کی عدالت سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار کر لیا گیا، شہریار آفریدی کو ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے 16 ایم پی او آرڈر کے تحت دوبارہ گرفتار کیا گیا، گرفتاری کے بعد شہریار آفریدی کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے شہریار آفریدی کو ایک مقدمے میں رہا کرنے کا حکم دیا تھا لیکن رات گئے انہیں اڈیالہ جیل سے رہائی کے فورا بعد گرفتار کر کے دوبارہ نظر بند کر دیا گیا۔