چیئرمین پی ٹی آئی نے درخواست میں ٹرائل کورٹ کا کل کا آرڈر کالعدم قرار دینے کی استدعا کی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) توشہ خانہ کیس،حق دفاع ختم کرنے کا حکم چیلنج کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں حق دفاع ختم کرنے کا حکم اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے،عمران خان نے دائر درخواست میں ٹرائل کورٹ کا آرڈر کالعدم قرار دینے کی استدعا کی۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ ٹرائل کورٹ کا کل کا حکم کالعدم قرار دے کر حق دفاع بحال کیا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت سے درخواست پر آج ہی سماعت کرنے کی استدعا بھی کی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی مقامی عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں عمران خان کی جانب سے چار گواہان طلب کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت ہوئی،چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے دفاع میں چار گواہوں کی لسٹ عدالت میں جمع کرائی ۔
عمران خان کے وکیل نے عدالت نے استدعا کی کہ گواہ پیش کرنے کے لیے دو دن کا وقت دیں جس پر جج ہماریوں دلاور نے ریمارکس دئیے کہ آدھے گھنٹے کا وقت بھی نہیں دیں گے۔عدالت کے ساتھ کھیلنا بند کریں۔ عدالت نے کہا تھا آج پرائیویٹ گواہوں کو پیش کریں،گواہوں کو آج پیش کریں ورنہ آپ کا رائٹ ختم ہو جائے گا۔ بیرسٹر گوہر نے استدعا کی کہ عدالت ایک دن کا وقت دے دیں۔
جبکہ الیکشن کمیشن وکیل نے کہا کہ عدالت نے پرائیویٹ گواہوں کو پیش کرنے کا حکم دیا جس پر عمل نہیں کیا گیا۔جھوٹا ڈکلیئریشن جمع کرانے کا الزام ہے۔ عدالت نے گواہوں کو ڈیڑھ بجے تک پیش کرنے کا حکم دیا تاہم کیس کی دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے عمران خان کی گواہ طلبی کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے چار گواہوں کو غیر متعلقہ قرار دیتے ہوئے حتمی دلائل طلب کئے تھے۔