مردم شماری میں بے ضابطگیاں: جماعت اسلامی نے وزیر اعظم کو خط لکھ دیا

کراچی: (نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے مردم شماری میں بے ضابطگیاں کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔

خط کے متن میں لکھا گیا ہے کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے، اس کی آبادی کو 2017 کی مردم شماری میں آدھا کر دیا گیا تھا، حالیہ مردم شماری میں کراچی میں صرف 63 فیصد اضافہ ظاہر کیا گیا، مردم شماری میں بہت سے شماریاتی بلاکس میں آبادی صفر یا نہ ہونے کے برابر دکھائی گئی، مردم شماری کے عمل میں حکومت سندھ کا کردار منفی رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید لکھا کہ پیپلز پارٹی نہیں چاہتی کہ کراچی کی آبادی میں درست اضافہ ہو، محکمہ شماریات نے خود اس بات کا اظہار کیا کہ کراچی کی 38 ہزار بلند عمارتوں میں درست خانہ شماری و مردم شماری نہیں ہو سکی، کراچی کی گنتی پوری کی جائے، حلقہ بندیاں صحیح اعداد و شمار کے مطابق کی جائیں۔