اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ باتیں بہت ہوگئی ہیں کریدنے کا فائدہ نہیں، اب اپنے عمل سے ترقی کے اہداف حاصل کرنے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان منرلز سمٹ ڈسٹ ٹو ڈویلپمنٹ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ منرل سمٹ کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے، سعودی وزیر نے معدنی وسائل کی اہمیت پر بہترین باتیں کیں، سعودی وزیر کے پاکستان سے متعلق جذبات کی قدر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 70 کی دہائی میں روس کی شراکت سے پاکستان سٹیل مل کا قیام عمل میں لایا گیا، کرپشن اس شعبے کی ترقی میں بڑی رکاوٹ بنی، نیب بھی لوگوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتا رہا، کرپٹ لوگوں کی کرپشن کو نظر انداز کیا گیا، مسائل کا غیر روایتی حل دینے والے لوگ بھی نیب کا شکار ہوگئے۔
وزیراعظم نے کہا ہم نے پاکستان کے ساتھ 75 سال ظلم کیا ہے، غریب عوام کے ساتھ زیادتی کی گئی ان کو حق نہیں دیا، بدقسمتی سے آج معاشرہ تقسیم ہوچکا ہے، آج معاشرے میں زہر گھول دیا گیا ہے، میں نے ماضی میں بھی ہمیشہ ان ٹوٹے پھوٹے الفاظ میں اپنی داستان سامنے رکھی۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ اس ماہ ہم نے اپنی مدت پوری کرکے گھر جانا ہے، ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر ہمیں آگے بڑھنا ہے، محنت اور لگن سے ہم اپنی منزل حاصل کرسکتے ہیں، ہمیں اپنا وقت،توانائی عوام کی بہبود کیلئے خرچ کرنے ہیں۔