پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیوں میں اضافہ،مونس الٰہی کے حکومت پر طنزیہ وار

کدھر گئے روسی تیل کی درآمد پر تیل سستا کرنے کے شوبازی دعوے؟ اسحاق ڈار جاتے جاتے عوام کو ایک اور اذیت دے گئے،سابق وفاقی وزیر

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مونس الٰہی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر سخت ردِعمل دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ بڑھانے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت نہ 5 اور نہ ہی 10 روپے بڑھائی بلکہ یکمشت 19 روپے 95 پیسے فی لیٹر کمر توڑ اضافہ کر دیا۔
انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کدھر گئے روسی تیل کی درآمد پر تیل سستا کرنے کے شوبازی دعوے؟ انکا کہنا تھا اسحاق ڈار نے جاتے جاتے قوم کو ایک اور اذیت ناک جھٹکا دیا ہے۔


دوسری جانب ماہر معیشت اور رہنما تحریک انصاف مزمل اسلم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آخری اضافہ اسحاق ڈار کے گلے پڑے گا،میں سمجھتا ہوں یہ وقت مسلم لیگ ن کیلئے بدقسمتی کا باعث بنے گا۔
عالمی سطح پر قیمتوں کی بنیاد پر اسحاق ڈار نے پورا اضافہ کر دیا،سحاق ڈار نے دل سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان نہیں کیا۔ انکا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ عالمی سطح پر قیمت اور آئی ایم ایف پروگرام ہے،عالمی مارکیٹ میں 15 سے 20 فیصد پیٹرول کی قیمتیں بڑھی ہیں۔ مزمل اسلم نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو اندازہ نہیں کہ بجلی بل اس بار 30 فیصد زیادہ آئیں گے۔ یاد رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے،پیٹرول کی قیمت میں 19 روپے 95 پیسے فی لیٹر،جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 90 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔ پیٹرول کی نئی قیمت 272 روپے 95 پیسے فی لیڑ مقرر کی گئی۔