پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عدالتی چھٹیوں میں کسی کا ٹرائل کیا جا رہا ہے

جج ہمایوں دلاور جو تسلیم کر چکا ہے کہ فیس بک پر عمران خان کیخلاف نازیبا پوسٹس اس کی ہیں، وہی جج آئین و قانون کے تقاضوں کیخلاف اس فکسڈ میچ کو تیزی سے انجام کو پہنچانا چاہتا ہے، جبکہ اعلیٰ عدلیہ میں کیس ٹرانسفر کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے، سینئر قانون دان شعیب شاہین کا الزام

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عمران خان کے وکیل نے الزام عائد کیا ہے کہ جج ہمایوں دلاور مقتدر حلقوں کی آشیرباد کیساتھ ہر حال میں عمران خان کا ٹرائل مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے وکیل اور ملک کے سینئر قانون دان شعیب شاہین کی جانب سے توشہ خانہ کیس کی سماعت کرنے والے جج ہمایوں دلاور پر سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔
شعیب شاہین نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا واقع ہوگا کہ عدالتی چھٹیوں میں کبھی کسی ملزم کا ٹرائل نہیں ہوتا، لیکن یہاں جج ہمایوں دلاور مقتدر حلقوں کی آشیرباد کیساتھ ہر حال میں ٹرائل مکمل کرنا چاہتے ہیں، اور عطا تارڑ بھرپور طریقے سے اسی تگ و دو میں لگا ہوا ہے۔
لوئر جوڈیشری کیساتھ معزز چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق بھی انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ میں حصہ دار ہیں۔

شعیب شاہین کے مطابق صرف عمران خان کو نااہل کرنے یا سزا دلوانے کے لیے انصاف کا قتل جاری ہے۔ ایک جج ہمایوں دلاور جو تسلیم کر چکا ہے کہ فیس بک پر عمران خان کیخلاف نازیبا پوسٹس اسکی ہیں وہی جج آئین و قانون کے تقاضوں کیخلاف اس فکسڈ میچ کو تیزی سے انجام کو پہنچانا چاہتا ہے جبکہ اعلیٰ عدلیہ میں کیس ٹرانسفر کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ اس وقت چھٹیاں ہوچکی ہیں، سب کے ٹرائل بند ہوگئے ہیں لیکن عمران خان کا ٹرائل چل رہا ہے ۔
جبکہ ترجمان قانونی امور پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے بھی سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جج کے متعصب ہونے پر شک و شہبات ہوں اور وہ پھر بھی مقدمے کی سماعت کرے تو عوام کو حقائق بتانا ہمارا فریضہ ہے,چیف جسٹس عامر فاروق نے 9 مئی کو سابق وزیراعظم کی احاطہ عدالت سے تضحیک آمیز اور غیرقانونی گرفتاری کو صحیح قرار دیا اور اب بھی انصاف کا قتل جاری ہے-