نیب لاہور نے صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کے خلاف تحقیقات ختم کر دیں
لاہور (نیوز ڈیسک) علیم خان کو بھی نیب سے کلین چٹ مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو خیرباد کہنے والے سابق صوبائی وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کو بھی نیب کی جانب سے بڑا ریلیف دے دیا گیا۔ عبدالعلیم خان کو نیب کی جانب سے مبینہ کرپشن کیس کے سلسلے میں قانونی ریلیف دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب لاہور نے صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کے خلاف تحقیقات ختم کر دیں۔
نیب کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نیب نے یہ تحقیقات حتمی تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں ایگزیکٹو بورڈ مجاز حکام کی سفارشات پر سیکشن 31بی ون، این این اے 2022 کے تحت ختم کی ہیں۔ نیب لاہور نے مینجمنٹ آف پارک ویو ولاز/ ریور ایج ہائوسنگ سوسائٹی لاہور و دیگر کے خلاف شہریوں سے دھوکا دہی کے الزامات کے تحت تحقیقات شروع کر رکھی تھیں ۔
نیب نے اب سلسلے میں عبدالعلیم خان کے خلاف تحقیقات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ تحریک انصاف کے دور میں نیب کی جانب سے عبدالعلیم خان کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ایک مرتبہ پھر نیب لاہور کو چکر دے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ نیب لاہور نے سابق وزیراعلیٰ کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں منگل کی صبح 11بجے طلب کر رکھا تھا لیکن عثمان بزدار نیب کے روبرو پیش نہ ہوئے۔
گزشتہ روز نیب نے انہیں 16ویںمرتبہ طلب کیا تھا جس میں سے عثمان بزدار صرف دو مرتبہ نیب کے روبرو پیش ہوئے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نیب لاہور نے عثمان بزدار کو جو 32 نکاتی سوالنامہ دے رکھا ہے سابق وزیراعلیٰ نے اس کا بھی مکمل جواب دائر نہیں کیا ۔