چین ہمارا ہر مشکل وقت کا دوست ہے،اچھے برے وقت میں ہمارے ساتھ کھڑا رہا،یہ دورہ خوش آئندہ ہے۔چئیرمین پی ٹی آئی کی صحافیوں سے عدالت میں غیر رسمی گفتگو
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے نائب چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیا۔آج سابق وزیراعظم مختلف کیسز کے سلسلے میں اسلام آباد کی عدالتوں میں پیش ہوئے۔عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر جب مشکل وقت پڑا تو بہت لوگوں نے قربانیاں بھی دیں جنہیں ہم سامنے لائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف آرمی چیف کے کندھے پر بندوق رکھ کر چلا رہے ہیں،انہیں پتہ ہے الیکشن میں ہمارا صفایہ ہو جانا ہے اس لیے وہ پی ٹی آئی اور فوج کو لڑانا چاہتے ہیں۔ان کی کوشش ہے انتخابات تب ہوں جب پی ٹی آئی ختم ہو جائے، یہ ساری سازش ہے۔عمران خان نے نائب چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین ہمارا ہر مشکل وقت کا دوست ہے،اچھے برے وقت میں ہمارے ساتھ کھڑا رہا۔
اگر وہ پاکستان آئے ہیں تو یہ بہت خوشی آئند ہے۔خیال رہے کہ چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کی 10 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان کے دورے پر آئے ہیں۔پاکستان آنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔
وزیراعظم ہائوس میں پروقار ظہرانہ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف ،چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ ، وفاقی وزرا اور چینی وفد کے اراکین کے علاوہ اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر روایتی پاکستانی اورچینی کھانوں سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔ظہرانے میں شریک پاکستانی اورچینی حکام نے پاک چین دوستی کی ترقی اوراستحکام کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا۔