لوئر دیر: (نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں دھماکے ہو رہے ہیں، بدامنی بڑھ رہی ہے، قائد اعظم کے پاکستان کو کہاں پہنچا دیا، آپ کو مزید ایک دن وزیر اعظم نہیں رہنا چاہیے۔
لوئر دیر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا ہے کہ 70 سالوں سے ملک کو امن نصیب نہیں ہوا، میں پوچھتا ہوں کہ حکمران 15 مہینے کے بعد عوام کے پاس کیا لے کر جائیں گے، مالاکنڈ ڈویژن کے عوام نے روس اور نیٹو کا مقابلہ کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مالا کنڈ کے لوگ چاہتے ہیں کہ وفاقی حکومت نے جو وعدے کئے ان کو پورا کیا جائے، یہاں کے لوگ سب سے زیادہ پیسہ باہر سے بھجوا رہے ہیں مگر الٹا ان کا حق لیا جا رہا ہے، ہمارے علاقوں میں پیدا ہونے والے معدنیات اور بجلی رائیلٹی نہیں دی جا رہی۔
انہوں نے کہا ہے کہ مالاکنڈ ڈویژن کے عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، یہاں کے لوگوں کو بجلی نہیں دی جا رہی، جماعت اسلامی نے پاکستان کے عوام کو بیدار کرنے کا آغاز کیا ہے، سب کرپٹ لوگ ہیں، پانامہ لیکس، بنک ڈیفالٹر، باہر ممالک میں پیسے بھجوانے والوں میں ان کے نام شامل ہیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا ہے کہ ہمارا خیال تھا چوروں کا احتساب سپریم کورٹ کرے گی، پانامہ لیکس پر پانچ سال بعد عدالت کو ہم یاد آئے، یہ عدالتیں ان کا احتساب نہیں کریں گی۔