تقاریر نشر کرنے پر پابندی،عمران خان کو پیمرا سے رجوع کرنے کا حکم

پیمرا قانون کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر جلد فیصلہ کرے،لاہور ہائیکورٹ

لاہور (نیوز ڈیسک) تقاریر نشر کرنے پر پابندی،عمران خان کو پیمرا سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت نے عمران خان کو پیمرا سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی پیمرا سے رجوع کریں اور پیمرا قانون کے مطابق سابق وزیراعظم کی درخواست پر جلد فیصلہ کرے۔
قبل ازیں توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے،الیکشن کمیشن نے عمران خان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ الیکشن کمیشن میں چیئرمین پی ٹی آئی، فواد چودھری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی،ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے سماعت کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی، فواد چودھری اور اسدعمر کے وکلاء الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے۔ اسد عمر کے معاون وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ اسد عمر کے کیسز ہیں اور ڈاکٹر کے پاس ٹائم لیا ہے، آپ حاضری سے استثنیٰ دیں، اسد عمر یہاں حاضر ہوتے رہے ہیں، جس پر ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ آپ درخواست جمع کرا دیں۔ فواد چودھری اور ان کے وکیل فیصل چودھری بھی پیش نہیں ہوئے، ان کے معاون وکیل نے بتایا کہ فواد چودھری لاہور جبکہ فیصل چودھری اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہیں،فیصل چودھری نے آنے کا کہا ہے۔
عدم پیشی پر الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چودھری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے، اسلام آباد پولیس کو چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کر کے کل 10 بجے پیش کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی گئی۔