تمام پاکستانیوں کو بھکاری کا کشکول باہر اٹھا کر پھینکنا ہے

پاکستان میں زرعی انقلاب آکر رہے گا، دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی، فیصلہ کیا ہے پاکستان کو موجودہ بحران سے نکال کر دم لیں گے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا خانیوال ماڈل ایگریکلچر فارم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ تمام پاکستانیوں کو بھکاری کا کشکول باہر اٹھا کر پھینکنا ہے، پاکستان میں زرعی انقلاب آکر رہے گا،دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی۔ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے خانیوال ماڈل ایگریکلچر فارم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان کو اپنی قوم کی خدمت کرنے پر فخر ہے، فوج عوام سے ہے اور عوام فوج سے ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کو موجودہ بحران سے نکال کر دم لیا جائے گا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان غیرت مند، غیور اور باصلاحیت قوم ہے، تمام پاکستانیوں کو بھکاری کا کشکول باہر اٹھا کر پھینکنا ہے، اللہ نے پاکستان کو تمام نعمتوں سے نوازا ہے، دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی،پاکستان میں زرعی انقلاب آکر رہے گا، انشاء اللہ۔
انہوں نے کہا کہ ماڈل فارم طرز کے جدید فارم بنائیں گے جس سے چھوٹے کسان کو فائدہ ہوگا۔

گرین انیشی ٹیو کا دائرہ کار پورے پاکستان میں پھیلایا جائے گا۔ آرمی چیف نے کہا کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے ، عوام اور ریاست کا رشتہ محبت و احترام کا ہے۔ سکیورٹی اور معیشت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، سکیورٹی کے بغیر معیشت اور معیشت کے بغیر سکیورٹی ناگزیر ہے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے علامہ اقبال کا شعر بھی پڑھ کرسنایا۔’ افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر، ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ‘۔