وزیراعظم شکایات سیل کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز لانچ کر دیے گئے

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے وزیر اعظم شکایات سیل کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز لانچ کردیے۔

شکایات سیل کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ ہمیں حکومت کی طرف سے ذمہ داری ملی، شکایات سیل کی کارکردگی کا جائزہ لیا، وزیراعظم کی ہدایت تھی کہ لوگوں کی شکایات جلد از جلد حل کی جائیں، مقصد صرف شکایات کا حل نہیں تھا بلکہ عوام کو مطمئن بھی کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال 11471 شکایات موصول ہوئیں، 11280 شکایات حل کی گئیں، 191 شکایات کو حل کیا جا رہا ہے، کھلی کچہریاں ڈویژنل لیول پر لگانے کا فیصلہ کیا گیا، میں خود شکایات سیل میں لوگوں کے شکایات سنتا ہوں، شکایات سیل کی وجہ سے لوگوں کو ریلیف ملا۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئیں کہ لوگوں کو دوبارہ شکایت کا موقع نہ ملے، فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹا گرام پر شکایات کی سہولت کا افتتاح کر رہے ہیں، موبائل میسج سروس کا آغاز ایک ہفتے میں شروع ہو جائے گا۔