وزیر اعظم سے یوکرینی وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات مزید بڑھانے کا عزم

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف سے یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیروکولیبا نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا عزم کا اظہار کیا گیا۔

وزیر اعظم ہاؤس پہنچنے پر شہباز شریف نے یوکرین کے وزیر خارجہ کا استقبال کیا، دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم، ثقافت کے شعبوں میں تعاون، جنوبی ایشیا اور یوریشیا کے خطوں میں سلامتی کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

یوکرینی وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یوکرین کے تنازع کا عالمی سطح پر ایک اہم اثر پڑا ہے اور کئی ممالک کی معیشتوں کو نقصان پہنچا ہے، وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مذاکراتی اور سفارتی تصفیے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ دیمیروکولیبا نے وزیر اعظم شہباز شریف کو یوکرین کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا مشترکہ مقصد عالمی امن اور علاقائی استحکام میں کردار ادا کرنا ہے۔