بجلی کے بلوں میں ریڈیو فیس عائد کرنے پر فواد چوہدری کی حکومت پر تنقید

پاکستان ٹیلی ویژن کو منافع میں لے آئے تھے اب وہ بھی دوبارہ خسارے میں چلا گیا، ریڈیو پاکستان میں سیاسی بھرتیوں کو پالنے کیلئے عوام پر ٹیکس لگانا انتہائی بھونڈا آئیڈیا ہے۔سابق وفاقی وزیر کا ٹویٹ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بجلی کے بلوں میں 15 ریڈیو فیس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔وزارت خزانہ کے حکام نے انکشاف کیا ہے کہ بجلی بلز میں ٹی وی فیس کے ساتھ ریڈیو فیس بھی شامل ہو گی۔وزارت اطلاعات نے اس حوالے سے سمری تیار کر لی ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق اب بجلی کے بل میں 35 روپے ٹی وی فیس جب کہ 15 روپے ریڈیو فیس عائد ہو گی۔
سینیٹ کمیٹی کی سفارش پر یہ اقدام کیا گیا ہے۔ بجلی کے بلوں میں ریڈیو فیس عائد کرنے پر سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے حکومت پر تنقید کی ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اپنی نا اہلی کا بدلہ عوام سے لینے کی ایک اور مثال۔فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کو منافع میں لے آئے تھے اب وہ بھی دوبارہ خسارے میں چلا گیا ہے، ریڈیو پاکستان میں سیاسی بھرتیوں کو پالنے کیلئے عوام پر ٹیکس لگانا انتہائی بھونڈا آئیڈیا ہے۔


فواد چوہدری نے کہا کہ ریڈیو بہت اہم ہے لیکن چلانے کا طریقہ درست نہیں، سارے پرائیویٹ ریڈیو منافع میں ہیں اور سرکاری ریڈیو تباہی کا شکار ہے۔ دوسری جانب بجلی کی قیمت میں 1 روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا گیا ہے،نیپرا نے مئی کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں منظوری کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں میں اضافے کا اطلاق جولائی کے بلوں پر ہو گا،بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہو گا۔
سی پی پی اے نے 2 روپے 5 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی،نیپرا نے 5 جولائی کو درخواست پر سماعت کی تھی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ کیے جانے کے چند دن بعد ہی سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی قیمت میں اضافے کیلئے درخواست نیپرا میں جمع کروائی گئی تھی جس کے بعد بجلی مزید 1 روپیہ 88 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔