مہنگی گیس لیکر سستی نہیں بیچ سکتے،کوشش ہو گی غریب صارفین پر بوجھ نہ ڈالا جائے،وزیر مملکت برائے پیٹرولیم
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مصدق ملک کا کہنا ہے کہ مہنگی گیس لیکر سستی نہیں بیچ سکتے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے گیس مہنگی ہونے کی خبروں کی تصدیق کر دی،انہوں نے کہا ہے کہ گیس کی قیمت میں اضافہ تو ہو گا،مہنگی گیس لیکر سستی کیسے فروخت کر دیں؟ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ کوشش ہو گی غریب صارفین پر بوجھ نہ ڈالا جائے،0 اعشاریہ 9 مکعب میٹر سے زائد گیس استعمال کرنے والے صارفین کیلئے گیس مہنگی ہو گی۔
یاد رہے کہ بجلی کے بعد گیس مہنگی کرنے کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں،پیٹرولیم ڈویژن نے گیس کی قیمتوں پر ورکنگ سے متعلق اوگرا کو آگاہ کر دیا جس کے تحت بجلی ٹیرف کے بعد گیس ٹیرف میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ قبل ازیں گیس مافیا نے ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ کیا جس کے بعد ایل پی جی کی فی کلو قیمت 220 روپے ہو گئی۔
ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر 220 روپے اور کمرشل سلنڈر400 روپے مہنگا ہو گیا۔
اوگرا نے گزشتہ ماہ ایل پی جی کی قیمت 177 روپے مقرر کی تھی، تاہم ملک میں کہیں بھی سرکاری قیمت پر ایل پی جی کی فروخت کو یقینی نہیں بنایا جا سکا۔ ملک کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی مختلف قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ گیس مافیا نے ایل پی جی کی قیمت میں مزید خود ساختہ اضافہ کیا۔ اس حوالے سے چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کے مطابق پہاڑی و دور دراز کے علاقوں میں گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 310 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے،ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ جاری ہے۔ ملک میں کسی جگہ سرکاری قیمت پر گیس دستیاب نہیں،حکومت اور اوگرا سرکاری قیمت پر گیس دستیاب کرنے میں ناکام ہو گئی۔