چیئرمین پی ٹی آئی نے قوم کو گمراہ کرنے کی گھناؤنی سازش کی

اب تو گھر سے گواہی آرہی ہے، خود کو مظلوم بنانے کیلئے چورن بیچا کہ امریکا نے حکومت ختم کی، ملک بھر میں ہر نشست پر امیدوار کھڑا کریں گے اور الیکشن لڑیں گے۔صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سربراہ جے یوآئی ف اور صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے قوم کو گمراہ کرنے کی گھناؤنی سازش کی، اب تو گھر سے گواہی آرہی ہے،خود کو مظلوم بنانے کیلئے چورن بیچاکہ امریکا نے حکومت ختم کی،اس کو بعض عالمی قوتوں کی مالی مدد بھی حاصل تھی۔ انہوں نے مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرا فرض ہے کہ حقائق سے قوم کو آگاہ کروں، چیئرمین پی ٹی آئی نے قوم کو گمراہ کرنے کی گھناؤنی سازش کی، اب اپنے گھر سے اس کے خلاف گواہی آرہی ہے، حقائق کو جھٹلایا نہیں جاسکتا، چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف حقائق سامنے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 75سالوں میں اسرائیل نے پہلی بار پاکستان پر تنقید کی اور ناجائز تنقید کی، چیئرمین پی ٹی آئی سے متعلق قوم کو جو بتایا تھا وہ سامنے آرہا ہے، ہم نے پہلے ہی کہا تھا اس کے یہودی لابی سے رابطے ہیں، بھارت اور بعض عالمی قوتوں کی مالی مدد بھی اس کو حاصل تھی، خود کو مظلوم بنانے کیلئے چورن بیچاکہ امریکا نے حکومت ختم کی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم ملک بھر میں ہر نشست پر امیدوار کھڑا کریں گے اور الیکشن لڑیں گے۔

مزید برآں ترجمان جے یوآئی ف اسلم غوری نے بتایا کہ اجلاس میں دستوری ترامیم کو حتمی شکل دے دی گئی، آئندہ قومی و صوبائی انتخابات کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا، اجلاس میں ملکی قومی سیاسی صورتحال پر طویل مشاورت کی گئی۔ آئندہ قومی صوبائی انتخابات آئینی مدت کے اندر کرنے کی سفارش کی گئی۔ اجلاس میں مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری ،مولانا قمر الدین ،مولانا صلاح الدین ،سنیٹر کامران مرتضی ، مولانا امجد خان، سنیٹر مولانا عطاء الرحمان، خلیل احمد ،مولانا غلام قادر ،مفتی ابرار احمد خان ،جلال الدین ایڈوکیٹ ،مفتی روزی خان، مرکزی ناظم انتخاب مولانا عطاء الحق درویش نے بھی خصوصی شرکت کی۔