پرویز الٰہی کی نظر بندی کیخلاف درخواستوں پر پنجاب حکومت سے جواب طلب

لاہور: (نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے صدر پرویز الٰہی اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی نظر بندی اور کیمپ جیل سے منتقلی کے خلاف درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ نے حکومت سے جواب طلب کر لیا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی نظر بندی اور کیمپ جیل سے منتقلی کے خلاف درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔

پنجاب حکومت کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ درخواستیں قابل سماعت نہیں۔پرویز الٰہی کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ تمام مقدمات میں ضمانت ملنے کے بعد نظر بند کیا گیا، نظر بندی کو کالعدم قرار دیا جائے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی اہلیہ نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ صدر پی ٹی آئی کو کیمپ جیل سے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

عدالت نے پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے نظربندی اور کیمپ جیل سے منتقلی سے متعلق جواب طلب کر لیا۔