آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کا کوئی ٹکٹ ہولڈر ہی نہیں ہو گا،سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی گفتگو
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کا کوئی ٹکٹ ہولڈر ہی نہیں ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق اعظم خان کی جانب سے سائفر سے متعلق عمران خان کیخلاف بیان ریکارڈ کرانے پر سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعظم خان سائفر کا حصہ ضرور تھے،شکنجہ سخت ہو گا تو بہت سے لوگ سامنے آئیں گے۔
مشورہ دینے والے عمران خان کو گمراہ کر دیتے ہیں،جب کوئی غیر قانونی کام کرتے ہیں تو چیزیں چھپا لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب چیزیں کس کے تحت اور کیوں کی گئیں،لانگ مارچ سے کیا حاصل کرنا تھا؟۔ ان سب کا لب لباب یہ نہیں تھا کہ پی ٹی آئی والے الیکشن چاہتے تھے،اس کا لب لباب تھا حاضر چیف نہ بنے پرانے والے بن جائیں۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وہ اس کے بعد چاہتے تھے کہ صدارتی نظام کے تحت بادشاہ بن جائیں،ان سب چیزوں کیلئے ارشد شریف اپنی جان گنوا بیٹھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 70 سال سے مختلف ایشوز کی تحقیقات تو چل رہی ہیں،مگر کسی انجام کو نہیں پہنچیں۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے سائفر سے متعلق بیان ریکارڈ کرا دیا ہے،اعظم خان نے بیان 164 کے تحت مجسٹریٹ کو ریکارڈ کرایا۔ اعظم خان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف بیان ریکارڈ کروایا اور سائفر کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دے دیا۔ اعظم خان نے بیان دیا کہ سیاسی مقاصد کے لیے سائفر کا ڈرامہ رچایا گیا،عمران خان نے تمام تر حقائق کو چھپا کر سائفر کا جھوٹا اور بے بنیاد بیانیہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لیے سائفر کو بیرونی سازش کا رنگ دیا۔عمران خان نے کہا “سائفر کو غلط رنگ دے کر عوام کا بیانیہ بدل دوں گا”۔