جمیعت علماء اسلام ف کے پی کےسمیت تمام قومی و صوبائی حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) جمعیت علماء اسلام ف نے اہم اور بڑا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعیت علماء اسلام نے آئندہ انتخابات میں کسی سیاسی جماعت سے اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس تیسرے روز بھی جاری رہا۔ جمعیت علمائے اسلام کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق ترجمان جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے اجلاس کے حوالے سے کہا کہ اجلاس کی صدارت جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کر رہے ہیں۔
اجلاس میں دستوری ترامیم کو حتمی شکل دے دی گئی، آئندہ قومی و صوبائی انتخابات کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا، اجلاس میں ملکی قومی سیاسی صورتحال پر طویل مشاورت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ قومی صوبائی انتخابات آئینی مدت کے اندر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری، مولانا قمر الدین، مولانا صلاح الدین، سینیٹر کامران مرتضیٰ، مولانا امجد خان، سینیٹر مولانا عطاء الرحمان، خلیل احمد، مولانا غلام قادر، مفتی ابرار احمد خان، جلال الدین ایڈوکیٹ، مفتی روزی خان جبکہ مرکزی ناظم انتخاب مولانا عطاء الحق درویش نے خصوصی شرکت کی۔
تین روز سے جاری جمیعت علماء اسلام ف کے اجلاس میں اہم فیصلہ کیا گیا۔ جمعیت علماء اسلام نے آئندہ انتخابات میں کسی سیاسی جماعت سے اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ جمیعت علماء اسلام ف کے پی کے سمیت تمام قومی و صوبائی حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔دوسری جانب نگراں وزیراعظم کیلیے پی ڈی ایم قائدین میں مشاورت جاری ہے اور ابتدائی طور پر اس منصب کیلیے مختلف ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق موجودہ اسمبلی کی آئینی مدت مکمل ہونے پر ذمے داری نگراں حکومت کو سونپی جائے گی، اس کے لیے بتدائی طور پر نگراں وزیراعظم کیلیے ناموں پرغور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومتی جماعتوں کے رہنماؤں کے مابین مشاورت میں نگراں وزیراعظم کے کچھ نام رکھے گئے ہیں اگر اس معاملے پر پیش رفت ہوتی ہے اور کسی پر اتفاق کیا جاتا ہے تو پھر یہ نام منظر عام پر لائے جائیں گے۔