گجرات میں درج مقدمہ،رانا ثناء اللہ 25 جولائی کو عدالت طلب

پولیس وزیر داخلہ کو پابند کرے کہ وہ ہر صورت پیش ہوں،انسداد دہشت گردی عدالت کا حکم

گوجرانوالہ (نیوز ڈیسک) گجرات میں درج مقدمہ،عدالت نے رانا ثناء اللہ کو 25 جولائی کو طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کیخلاف گجرات میں درج مقدمے سے متعلق سماعت ہوئی،عدالت نے مسلسل عدم پیشی پر رانا ثناء اللہ کے وکلاء پر برہمی کا اظہار کیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیر داخلہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 جولائی کو طلب کر لیا۔
عدالت نے قرار دیا پولیس رانا ثناء اللہ کو پابند کرے کہ وہ ہر صورت پیش ہوں۔انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیر داخلہ کے ضمانتی رانا سعد کو بھی 25 جولائی کیلئے نوٹس جاری کر دیا۔ نوٹس میں کہا گیا کہ آپ نے رانا ثناء اللہ کیلئے 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائے،آپ نے لکھ کر دیا کہ ملزم ہر حاضری پر پیش ہوتا رہے گا۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ اقرار کیا گیا تھا رانا ثناء اللہ پیش نہ ہوئے تو 5 لاکھ روپے بطور تاوان ادا کریں گے،ملزم عدالت سے غیر حاضر ہو گیا اور مقدمہ سننے سے گریزاں ہے۔

یاد رہے کہ مقدمے میں وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر رانا سعد نے وزیر داخلہ کی ضمانت دی تھی۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کیخلاف گجرات کے تھانہ انڈسٹریل میں اگست 2022ء میں مسلم لیگ ق کے مقامی رہنما کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا،ایف آئی آر میں چیف سیکرٹری پنجاب اور ان کے اہلخانہ کو دھمکیاں دینے کا الزام لگایا گیا۔جبکہ گزشتہ سماعت پر انسداد دہشت گردی عدالت نے رانا ثناء اللہ کو 28 جون کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں چیف سیکرٹری پنجاب اور اہلخانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی جانب سے حاضری سے استثنٰی کی درخواست کی گئی،عدالت نے رانا ثناء اللہ کی حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کی تھی۔