پشاور: (نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم 15، 20 دن کے اندر ملک میں سودی نظام ختم کریں اور سود کی بنیاد پر لیے گئے صعنتی قرضوں کا بھی خاتمہ کیا جائے۔
پشاور میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سود معاشی برائیوں کی جڑ ہے اس کے خلاف جہاد کر رہے ہیں، سود کے مکمل خاتمے تک جہاد جاری رہے گا، ملک میں ظالمانہ اور کرپشن زدہ نظام قائم ہے، سود کے خلاف قانونی جنگ جیتی ہے، حکومت نے اگر سودی نظام ختم نہیں کیا تو ان کے خلاف جنگ کا اعلان کرتا ہوں۔
سراج الحق نے مزید کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں جب ہمیں موقع ملا تھا تو سود کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کیے، جب چوروں کے ہاتھوں میں حکومت ہو گی تو چوری کیسے ختم ہو گی، نواز شریف نے سودی نظام کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا لیکن پورا نہیں کیا، پی ڈی ایم کی حکومت مولانا فضل الرحمان کے ہاتھوں میں ہے، ان کے ہوتے ہوئے بھی شرح سود بڑھتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا پی ڈی ایم نے سودی نظام ختم کرنے کے بجائے شرح سود بڑھا دیا، موقع ملا تو ملک سے سودی نظام ختم کریں گے، پی ٹی آئی کی حکومت میں مہنگائی کیخلاف بلاول اور فضل الرحمان احتجاج کیا کرتے تھے، آج گزشتہ حکومت سے زیادہ مہنگائی ہے لیکن سب چپ ہیں، پندرہ مہینے میں صوبے میں کرپشن کے ریکارڈ قائم ہو گئے، موجودہ حکمرانوں کا ایجنڈا مغرب کا ایجنڈا ہے۔