اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال کے زیر صدارت سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا، اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں زراعت، تعلیم، صحت سمیت متعدد منصوبوں پر غور کیا جائے گا، زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے قومی پروگرام پر غور کیا جائے گا۔
ایجنڈے کے مطابق وزیراعظم کے قومی پروگرام کی مجموعی لاگت 377 ارب روپے سے زائد ہے، سندھ میں سیلاب سے متاثرہ سرکاری سکولوں کیلئے 2 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، 41 ارب 66 کروڑ روپے لاگت کا پنجاب ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ منصوبہ زیرغور آئے گا۔
18 ارب لاگت کا رائیونڈ روڈ سے ملتان روڈ تک رنگ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ ایجنڈے میں شامل ہے، پنجاب میں شاہراہوں کی بہتری کیلئے 189 ارب روپے کے منصوبے پر غور کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ 308 ارب روپے مالیت کے حیدرآباد سکھر موٹروے منصوبہ پر غور کیا جائے گا، 65 ارب روپے مالیت کی پٹ فیڈر کینال کی ری ماڈلنگ کا منصوبہ بھی زیرغور آئے گا۔