عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال کے کابینہ سے مستعفی ہونے کی خبروں کی تردید

استحکام پاکستان پارٹی سیاسی استحکام پر یقین رکھتی ہے،حکومت کی مدت مکمل ہونے تک دونوں معاونین کابینہ کا حصہ رہیں گے،جہانگیر ترین

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) استحکام پاکستان پارٹی کے وفاقی کابینہ میں شامل وزراء کا معاملہ،عون چوہدری نے کابینہ سے استعفے کی خبروں کی تردید کر دی۔ تفصیلات کے مطابق عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال بطور معاونین خصوصی کابینہ کا حصہ رہیں گے،استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین نے دونوں کو وفاقی کابینہ سے مستعفی ہونے کی ہدایت نہیں کی۔
جہانگیر ترین نے اس حوالے سے کہا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی سیاسی استحکام پر یقین رکھتی ہے اور ذمہ دار پارٹی ہے۔حکومت کی مدت مکمل ہونے تک دونوں معاونین خصوصی کابینہ کا حصہ رہیں گے۔ جبکہ عون چوہدری نے کہا کہ وزیراعظمم کی ٹیم کا حصہ ہیں اور حکومت کی مدت مکمل ہونے تک رہیں گے۔ ہم شہباز شریف کے مشکور ہیں کہ وہ ساتھ لیکر چلے،کابینہ سے استعفے کی خبروں میں صداقت نہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال وزیراعظم کے معاونین کے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے،استحکام پاکستان پارٹی کے دونوں رہنماؤں نے استعفے پارٹی قیادت کو جمع کرائے۔ استعفے استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین کو دئیے گئے۔ پارٹی صدر عبدالعلیم خان نے عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال کو عہدوں سے استعفیٰ دینے کی ہدایت کی تھی۔
گذشتہ سال جب پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے وزارت عظمیٰ سے ہٹایا گیا تو دونوں رہنما وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ کا حصہ بنے تھے۔ 19 جون 2023ء کو ترجمان استحکام پاکستان پارٹی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پارٹی نے عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال کو وفاقی کابینہ سے مستعفی ہونے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ صدر استحکام پاکستان پارٹی علیم خان نے وفاقی کابینہ میں موجود عون چودھری اور نعمان لنگڑیال کو وفاقی کابینہ سے فوری مستعفی ہونے کی ہدایات جاری کی تھیں۔