وزیراعظم کا 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی معاہدے پر شکریہ کا اظہار، پاکستان اپنے وعدوں کو پورا کرے گا، معاہدے کی معمولی خلاف ورزی کو بھی برداشت نہیں کروں گا، احتراماً آموں کو تحفہ بھیجنا اعزاز ہوگا۔ وزیراعظم شہبازشریف کی گفتگو
اسلام آباد (نیوزڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف اور ایم ڈی آئی ایم ایف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں وزیراعظم نے 3ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی معاہدے میں تعاون پر شکریہ ادا کیا، وزیراعظم نے کہا کہ معاہدے کی معمولی خلاف ورزی کو بھی برداشت نہیں کروں گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور ایم ڈی آئی ایم ایف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے 3ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی معاہدے میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کے غریبوں کے احساس کرنے کو تسلیم کیا۔ وزیراعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کے تعاون کو قابل قدر قرار دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہیں، معاہدے کی معمولی خلاف ورزی کو بھی برداشت نہیں کروں گا، یہ حکومت اگست تک رہے گی جس کے بعد عبوری حکومت آجائے گی، مجھے یقین ہے کہ نگران حکومت بھی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے گی، پاکستان اپنے وعدوں کو پورا کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام نے اگر دوبارہ منتخب کیا تو آئی ایم ایف کی مدد سے معیشت کو بہتر کریں گے۔ وزیراعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو پاکستانی آموں کا تحفہ بھیجنے کا بھی ذکر کیا، ایم ڈی آئی ایم ایف کو بطور احترام آموں کو تحفہ بھیجنا میرے لئے اعزاز ہوگا۔ ایم ڈی آئی ایم ایف نے وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ایم ڈی آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری اور اعتماد کو سراہا۔
ایم ڈی آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے بورڈ کیلئے نہایت عمدہ کیس پیش کیا۔ بورڈ کو ماضی کے فقدان کے باعث معاہدے پر عملدرآمد پر شک تھا۔ وزیراعظم سے مسلسل رابطہ رہنے پر بورڈ کو یقین دلایا گیاکہ پاکستان وعدے پورے کرے گا،بورڈ کو بتایا کہ وہ وزیراعظم پاکستان سے ذاتی طور پر ملی ہیں، اور وزیراعظم کو وعدے پورے کرنے میں سنجیدہ پایا ہے۔پاکستان آئی ایم ایف کا اہم ممبر ہے پاکستان کی مدد جاری رہے گی۔