پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف مقامات پر بارش سے موسم خوشگوار

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔

صوبہ پنجاب کے علاقے اسلام آباد، راولپنڈی، میانوالی، کندیاں، اٹک، کالا باغ، واں بھچراں میں بادل خوب برسے جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا، گرمی اور حبس کم ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ بارش سے گلیاں اور نشیبی علاقے پانی سے بھر گئے۔

کالا باغ میں تیز بارش کے باعث برساتی نالے کا بند ٹوٹ گیا۔

اٹک میں جنڈ کے مقام پر بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، تیز برساتی پانی روڈ کے اوپر سے بہہ رہا جس کے باعث دونوں اطراف میں ٹریفک کی روانی بند ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے علاقے پشاور، چارسدہ ، کرک اور گردونواح میں صبح سویرے موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں بارش کا سلسلہ اگلے 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ماہرین موسمیات کی جانب سے آج اسلام آباد، کشمیر، بالائی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار سمیت خیبرپختونخوا میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا ہے کہ سندھ میں 20 سے 22 جولائی کے درمیان مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ اثر انداز ہوسکتا ہے۔