اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ایک ارب ڈالر قرض دینے پر صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
دوران گفتگو وزیراعظم نے کہا کہ سٹینڈ بائی معاہدے کیلئے اسلامی ترقیاتی بینک سے ملنے والے ایک ارب ڈالرز نے اہم کردار ادا کیا، اس مدد کے بغیر پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ مشکل تھا، اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کا ایک اہم شراکت دار ہے۔
وزیراعظم نے سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کے قیام کے بارے بھی آگاہ کیا جبکہ صدر اسلامی ترقیاتی بینک کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا برادر ملک ہے جس کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔