گلگت بلتستان میں عوامی مینڈیٹ پر دن دیہاڑے پڑنے والے ڈاکے کی شدید مذمت کرتے ہیں،33 رکنی ایوان میں 22 نشستوں کی حامل جماعت کو حقِ حکمرانی سے محروم کرکے جمہوریت اور آئین کے چہروں پر طمانچہ رسید کیا گیا۔ ترجمان پاکستان تحریک انصاف
گلگت بلتستان (نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی کے فاروڈ بلاک کے حاجی گلبر پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی حمایت سے گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے۔ گلگت بلتستان میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب پر تحریک انصاف کا ردِعمل آیا ہے۔ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں عوامی مینڈیٹ پر دن دیہاڑے پڑنے والے ڈاکے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
آج کا دن جمہوریت اور ووٹ کی حرمت و توقیر کے حوالے سے سیاہ ترین دن کی حیثیت رکھتا ہے، 33 رکنی ایوان میں 22 نشستوں کی حامل جماعت کو حقِ حکمرانی سے محروم کرکے جمہوریت اور آئین کے چہروں پر طمانچہ رسید کیا گیا ہے، عوامی مینڈیٹ کی اس قابلِ مذمت توہین سے دنیا کے سامنے پاکستان کے جمہوری و آئینی تشخص کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے، بند کمروں میں تیار کی گئی سازشوں اور دستور سے انحراف کی لَت میں مبتلا عناصر کی آشیرباد سے اقلیت کو اکثریت میں بدلنے کی شرمناک رسم کو دوام بخشا گیا۔
ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ووٹ کی صریحاً توہین اور عوامی منشاء و مینڈیٹ سے انحراف نے ہمیشہ قومی وحدت، یکجہتی اور وفاق کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے، عوام اور تحریک انصاف کے مابین مضبوط رشتے کو کاٹنے کیلئے ووٹ کی حرمت کو پامال کئے جانے کے نتائج تباہ کن ہوں گے، وفاق کی مضبوطی کی ضامن جماعت کےخلاف نفرت و انتقام پر مبنی کارروائیاں وفاق کو کمزور کرنے کے مترادف ہیں، ملک بھر کیطرح گلگت بلتستان کے عوام ریاستی قوت کے بل پر اپنے مینڈیٹ کی توہین کو ہرگز فراموش نہیں کریں گے، عوامی تائید کی حامل اکثریت کو اقلیت میں بدلنے والوں کا محاسبہ نوشتۂ دیوار ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سازش، ظلم اور ننگی جارحیت پر مبنی اس نظام سے حقیقی آزادی کی ضرورت پہلے سے کئی گنا بڑھ چکی ہے، عوام اپنے قائد عمران خان کے شانہ بشانہ آئین، جمہوریت اور ملک و قوم کے مستقبل پر حملہ آور قوتوں کو پسپا کریں گے، جبر کے بل پر ہتھیایا جانے والا مینڈیٹ واپس لیں گے اور جمہوریت کی شہ رگ کو فسطائیت کے شکنجے سے آزاد کروائیں گے-