پاکستان تحریک انصاف نے صوبائی صدر پرویزخٹک کی بنیادی رکنیت ختم کردی

پرویز خٹک کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر21 جون کو شوکاز نوٹس دیا گیا تھا، پرویزخٹک نے مقررہ دنوں میں شوکاز نوٹس کا اطمینان بخش جواب نہیں دیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے صوبائی صدر پرویزخٹک کی بنیادی رکنیت ختم کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر صوبائی صدر خیبرپختونخواہ پرویز خٹک کو پارٹی سے باقاعدہ فارغ کردیا ہے۔ تحریک انصاف نے صوبائی صدر پرویزخٹک کی بنیادی رکنیت ختم کردی ہے۔ آپ کو 21 جون کو شوکاز نوٹس دیا گیا تھا، آپ نے مقررہ مدت کے دوران تسلی بخش جواب نہیں دیا۔
جس پر پارٹی نے بنیادی رکنیت ختم کردی ہے ۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب نے پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ یاد رہے اس سے قبل سابق وزیراعلٰی خیبر پختو نخوا پرویزخٹک نے پارٹی شوکاز نوٹس کا جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کوئی سرکاری ملازم نہیں جو شوکاز نوٹس کا جواب دیں۔
انکا کہنا تھا 9 مئی کے واقعات چیئرمین پی ٹی آئی کا چند افراد سے مشاورت کا نتیجہ ہے،عمران خان کو ہمیشہ مثبت سیاست اور سوچ اپنانے کا کہا لیکن انکا ایجنڈا کچھ اور ہی تھا۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے 30 سے زائد سابق ارکان اسمبلی نے پرویز خٹک کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے جس کے بعد ممکنہ طور پر سابق وزیراعلٰی خیبر پختو نخوا جلد ہی اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی رہنماؤں کو جماعت سے علیحدگی اختیار کرنے پر اکسانے کے الزام پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب کی جانب سے سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا تھا، تحریک انصاف نے پرویز خٹک کیخلاف جماعتی سطح پر کارروائی کا آغاز کیا۔
عمر ایوب کی جانب سے پرویز خٹک کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا۔ نوٹس میں پرویز خٹک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ جماعت کے علم میں آیا ہے کہ آپ اراکین سے روابط قائم کر کے انہیں جماعت سے علیحدگی اختیار کرنے پر اکسا رہے ہیں،7 روز میں اس تاثر کے حوالے سے اپنا مفصل جواب داخل کریں۔