الیکشن میں عوام جس بھی محب وطن پارٹی کو ووٹ دیں گے تسلیم کریں گے

اگر ہماری حکومت آئی تومیرا قوم سے وعدہ ہے کہ 5 سالوں میں پاکستان کو غربت سے نکالنے کیلئے جان لڑا دیں گے، تمام محب وطن پارٹیوں سے مل کر ترقی کاچشمہ لے کر آئیں،وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ الیکشن میں عوام جس بھی محب وطن پارٹی کو ووٹ دیں گے تسلیم کریں گے، اگر ہماری حکومت آئی تومیرا قوم سے وعدہ ہے کہ 5 سالوں میں پاکستان کو غربت سے نکالنے کیلئے جان لڑا دیں گے، تمام محب وطن پارٹیوں سے مل کر ترقی کاچشمہ لے کر آئیں۔ وزیراعظم نے شاہین چوک فلائی اوور کی سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلسلہ وار منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے اور افتتاح ہورہا ہے، بارہ کہو فلائی اوور کا تعلق پورے پاکستان سے ہے،لوگ شاہین چوک سے جب گزرتے ہیں تو بارہ کہو پہنچ کر گھنٹوں پر محیط رش لگ جاتا ہے، یہ منصوبہ مختصر عرصے میں مکمل ہوا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے حوالے سے گمان نہیں یقین ہے کہ لاکھوں حاجیوں کی دعاؤ ں بدولت 22کروڑ عوام کو آئی ایم ایف امتحان سے نکالا، آج بورڈ میٹنگ ہے، امید ہے آج آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ پروگرام کی منظوری دے گا۔
پاکستان پھر اعتماد اور یقین کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا، آئی ایم ایف کا پروگرام ہمارے لئے کوئی حلوہ کھیر نہیں ، بلکہ بڑا سخت پروگرام ہے، اس پروگرام کو مجبوراً کرنا پڑا، پچھلی حکومت نے ریاست کو داؤ پر لگایا اور سیاست کو بچانے کی گھمبیر حرکت کی، جس نے ریاست کی چولیں ہلا دیں، مگر ہم نے سیاست کو داؤ پر لگایا اور ریاست کو بچایا، ہماری اجتماعی کاوشوں کی بدولت آج ریاست بچ گئی، یہی فرق نوازشریف اور عمران خان کا ہے، نوازشریف اور اتحادی حکومتی جماعتوں نے سیاست کو داؤ پر لگا دیا پروا نہیں کی، مگر آج پاکستان کی ریاست بچ گئی ہے۔

اب پاکستان کی معاشی ترقی کی بحالی کا پروگرام سامنے آچکا ہے، حکومتیں اور افواج پاکستان اس پروگرام میں شریک ہیں،دل کی گہرائیوں سے بتانا چاہتا ہوں کہ اللہ نے چاہا تو پاکستان اس پروگرام کی بدولت اپنے پاؤں پر کھڑا ہوجائے گا۔ اس میں ہم نے زراعت، معدنیات ، ٹیکنالوجی، صنعت ، کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان آج قرضوں کے پہاڑ میں دبا ہوا ہے، میرا ایمان ہے، پاکستان نہ صرف اسلامی دنیا بلکہ عالمی افق پر مضبوط ملک بن کر ابھرے گا۔
اس کیلئے ہمیں اپنے جذبوں کو جواں رکھنا ہوگا۔ چیئرمین پی ٹی آئی پاکستان سے دشمنی پر اترے ہوئے ہیں، سوا سالوں میں جو ملک دشمنی کی گئی، وہ سب کے سامنے ہے، یہ کس نے وزراء خزانہ کو کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے نام خط جاری نہیں کرنے، آئی ایم ایف پروگرام فیل ہوجائے، یہ کس نے کہا تھا سری لنکا بن جائے گا، سری لنکا کے صدر نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی پوری مدد کرے۔
لیکن عمران نیازی اپنے جتھے کے ساتھ بددعائیں دے رہے تھے کہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائے۔ایک شخص جس کو اسٹیبلشمنٹ نے اقتدار میں بٹھایا ، تاریخ میں سب سے زیادہ دھاندلی زدہ الیکشن تھا، اس کے باوجود اس شخص کو اقتدار میں بٹھایا، ان چار سالوں میں جو ہوا وہ سب کے سامنے ہے، سوا سال مخلوط حکومت کو ہوچکا ہے۔ ایک بھی اسکینڈل کسی اخبار یا خبر وں میں سنا ہے؟اس سواسال میں کھاد ، چینی، گندم اربوں ڈالر کی خریدی گئی، ہم نے اربوں روپے کم کرکے سودے کئے۔
ہم نے چین کے ساتھ نیوکلیئر پاور پلانٹ کا ایک اور سودا کیا ہے۔ 190پاؤنڈ کا اسکینڈل سب کے سامنے ہے، یہ پیسے قومی خزانے میں آنے چاہئیں یا سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں ؟خانہ کعبہ کی تصویر والی گھڑی بیچ دی گئی۔اسرائیل نے چیئرمین پی ٹی آئی کے حق میں بیان دیا ہے، فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے والا اسرائیل کہتا پاکستان میں ظلم ہورہا ہے، فلسطین میں ہزاروں بچوں کو یتیم کیا گیا، ماؤں کی گودیں خالی گئیں،وہاں بدترین ظلم ہورہا ہے؟اس سازش کے تانے بانے کہاں کہاں ملتے ہیں، یہ وہ سازش تھی۔
اسرائیل میں بسنے والے یہودیوں کا مذہب ان کو اجازت نہیں دیتا کہ وہ فلسطین میں ظلم کریں۔ 9مئی کے واقعے کو قوم کبھی بھلا نہیں سکے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومتی مدت پوری ہونے کو ایک مہینہ رہ گیا ہے، اگر عوام نے کسی بھی محب وطن پارٹی کو ووٹ دیا تو تسلیم کریں گے۔میں یہ نہیں کہتا کہ ہمیں ووٹ دیں، آزادی کے ساتھ سوچیں، اور ووٹ دیں، عوام جس کو ووٹ دیں گے ہم تسلیم کریں گے، پاکستان ضرور اپنا کھویا مقام حاصل کرے گا، اگر ہماری حکومت آئی تومیرا قوم سے وعدہ ہے،کہ ہم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو غربت سے نکالنے کیلئے جانیں لڑا دیں گے، تعلیم کے فروغ کے وسائل نچھاور کریں گے، زراعت کی ترقی کا پہیہ برق رفتاری سے چلائیں گے، ملک مین شمسی توانائی لے کر آئیں، معدنیات کے خزانوں کو کھول دیں گے ، تمام محب وطن پارٹیوں کے ساتھ مل کر ترقی کاچشمہ لے کر آئیں، اگر عوام نے کسی اور کو موقع دیا تو اس کا احترام کریں گے، یہ ہماری سوچ ہے، لیکن پی ٹی آئی کی سوچ کہ اگر میں وزیراعظم نہیں تو پاکستان کو توڑ دو، پاکستان سے آئی ایم ایف معاہدہ نہ کرو، طیارے نہ دو۔
جس ملک نے آپ کو ورلڈ کپ جتوایا، میں تاریخ جانتا ہوں، آپ توکرکٹ میں بھی میں میں کرتے رہے، جبکہ ٹیم میں گیارہ کھلاڑی ہوتے ہیں، ورلڈ کپ ٹیم نے جیتا، آپ کہتے رہے میں نے جیتا ہے۔اللہ تعالیٰ نے آپ کو عزت دی، لیکن آپ کو عزت راس نہیں آئی ، آپ وزیراعظم بننے کے بعد دشمنی پر اتر آئے ہیں، پاکستانی قوم ان تمام ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دے گی۔