پی ٹی آئی نے ملک کی بہتری کیلئے آئی ایم ایف معاہدے کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے،حماد اظہر

فیٹف کی قانون سازی کے دوران پی ڈی ایم جماعتوں نے این آر او مانگا اور نہ ملنے پر قوانین کی مخالفت کی تھی،رہنما تحریک انصاف

لاہور (نیوز ڈیسک) تحریک انصاف نے آئی ایم ایف معاہدے کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے اپنے بیان کہا ہے کہ لاتعداد جھوٹے کیسز اور بدترین جبر کے باوجود تحریک انصاف نے ملک کی بہتری کیلئے آئی ایم ایف معاہدے کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ اس کے برعکس پی ٹی آئی حکومت میں فیٹف کی قانون سازی کے دوران پی ڈی ایم جماعتوں نے این آر او مانگا اور نہ ملنے پر قوانین کی مخالفت کی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی ایم ایف وفد نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ قرض معاہدے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایم ایف وفد اور چیئرمین پی ٹی آئی کے درمیان ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
عمران خان سے آئی ایم ایف وفد کی ملاقات کی اندرونی کہانی بھی سامنے آ گئی ہے،آئی ایم ایف چیف ناتھن پورٹر نے عمران خان سے ویڈیو لنک کے ذریعے بات چیت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا آپ اس بات کی کیا ضمانت دیتے ہیں کہ پاکستان میں انتخابات وقت پر ہوں گے؟۔ اس پر آئی ایم ایف وفد نے کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان میں ہونے والی صورتحال پر گہری نظر رکھتا ہے،ہم ایک حد سے زیادہ سیاسی معاملات میں داخل اندازی نہیں کر سکتے۔ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے ڈائریکٹرز اپنی میٹنگ میں اپنا نقطہ نظر رکھیں گے،ایگزیکٹو بورڈ کے پاکستان کے سیاسی معاملات سے متعلق مؤقف کی پیشگوئی نہیں کر سکتے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد نے کہا کہ ایگزیکٹو بورڈ ممبران اپنی رائے دینے میں آزاد ہیں،آئی ایم ایف اسٹاف رپورٹ میں ان کا مؤقف شامل کر دیا جائے گا۔ آئی ایم ایف وفد کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے نگران سیٹ اپ آئین کے مطابق وقت پر انتخابات کرا دے گا،توقع ہے کہ اقتدار کی منتقلی وقت پر ہو گی۔