یونان کشتی حادثہ ، گرفتار 41 انسانی اسمگلرز کے بینک اکاؤنٹس منجمد

ملزمان کیخلاف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت کاروائی کا فیصلہ، شناختی کارڈز اور پاسپورٹس منسوخ کر دیئے جائیں گے، لاہور اور فیصل آباد زون نے اب تک 5 انکوائریاں اور 149مقدمات درج کئے۔ایف آئی اے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) یونان کشتی حادثے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، گرفتار 41 انسانی اسمگلرز کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یونان کشتی حادثہ تحقیقات میں پیشرفت، گرفتار 41 انسانی اسمگلرز کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے۔ ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت کاروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، حادثے میں ملوث انسانی اسمگلرز کے شناختی کارڈز اور پاسپورٹس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام نے ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹس انچارج یقینی بنائیں کہ کوئی بھی ایجنٹ بیرون ملک فرار نہ ہو۔لاہور اور فیصل آباد زون نے اب تک 5 انکوائریاں اور 149مقدمات درج کئے۔ دوسری جانب ایتھنز کی ایک رپورٹ کے مطابق یونان کے قریب کشتی کی تباہی سے بچ جانے والوں نے شمالی افریقہ میں اسمگلروں کے بارے میں بتایا ہے کہ وہ تالیاں بجاتے ہوئے مچھلی پکڑنے والے ٹرالر میں گھس رہے تھے، انہوں نے ڈیک کے اوپر اور نیچے سخت ترین حالات کا ذکر کیا، جہاں کوئی خوراک یا پانی نہیں تھا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کچھ افراد نے المناک انجام کا بتایا کہ جو یونانی کوسٹ گارڈ کی کارروائیوں کی وجہ سے ہوا تھا، انہوں نے عدالتی حکام کو اوور لوڈ کشتی کو کھینچنے کی ایک تباہ کن کوشش کے بارے میں بتایا جس کی وجہ سے 14 جون کی صبح کشتی الٹ گئی۔ شواہد کے مطابق یونانی عدالتی حکام کو پیش کیے گئے 9 بیانات میں سے 6 میں کہا گیا کہ کوسٹ گارڈ کی جانب سے تباہ کن طریقے سے کشتی کھینچنے کی کوشش کی گئی، جو سانحے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے تھے۔
ایک زندہ بچ جانے والے شامی نے بتایا کہ وہ اور دیگر تارکین وطن ایڈریانا پر سوار تھے، جو اٹلی جاتے ہوئے تباہ ہو گئی تھی، وہ چیخے کہ ’رک جاؤ!‘ یونانی کوسٹ گارڈ کے جہاز نے کشتی کی کمان سے رسی جوڑی اور رفتار کو بڑھاتے ہوئے اسے کھینچنا شروع کر دیا۔ مہاجرین کی کشتی دائیں، بائیں ہوئی اور پھر الٹ گئی۔تین دیگر گواہان نے بتایا کہ انہیں نہیں پتا کہ ایڈریانا کیوں الٹ گئی۔