پی ٹی آئی میں ہوں، پی ٹی آئی میری جماعت ہے

میں جہاں ہوں وہاں ہوں،پرویز خٹک کو پارٹی شوکاز نوٹس جاری کر چکی، اسد قیصر کی گفتگو

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر 9 مئی کے احتجاج کے تناظر میں درج مقدمہ میں ضمانت کرانے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے ۔پرویز خٹک اور پی ٹی آئی میں سے ایک کے انتخاب متعلق سوال ہوا تو اسد قیصر نے جواب دیا پی ٹی آئی میں ہوں، پی ٹی آئی میری جماعت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں جہاں ہوں وہاں ہوں، پرویز خٹک کو پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری ہو چکا ہے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کرنے اور پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کر لیا،اراکین کو تحریک انصاف چھوڑنے کیلئے اکسانے اور شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے پر پرویز خٹک کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی نے اراکین کو پارٹی چھوڑنے کیلئے اکسانے پر پرویز خٹک کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 روز میں جواب طلب کیا تھا تاہم سابق وزیراعلٰی خیبر پختو نخوا نے پارٹی نوٹس کا جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کوئی سرکاری ملازم نہیں جو شوکاز نوٹس کا جواب دیں۔

انکا کہنا تھا 9 مئی کے واقعات چیئرمین پی ٹی آئی کا چند افراد سے مشاورت کا نتیجہ ہے،عمران خان کو ہمیشہ مثبت سیاست اور سوچ اپنانے کا کہا لیکن انکا ایجنڈا کچھ اور ہی تھا۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے 30 سے زائد سابق ارکان اسمبلی نے پرویز خٹک کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے جس کے بعد ممکنہ طور پر سابق وزیراعلٰی خیبر پختو نخوا جلد ہی اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی رہنماؤں کو جماعت سے علیحدگی اختیار کرنے پر اکسانے کے الزام پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب کی جانب سے سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا تھا