لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی کا انتخاب روکنے کا حکم امتناعی واپس لے لیا

عدالت نے پی سی بی چیئرمین کا انتخاب روکنے کا حکم امتناعی واپس لیتے ہوئے کیس جسٹس شاہد کریم کی عدالت میں مقرر کرنے کی سفارش بھی کر دی

لاہور (نیوز ڈیسک ) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے انتخابات روکنے کا حکم امتناعی واپس لے لیا۔ عدالت عالیہ نے پی سی بی چیئرمین کے انتخابات روکنے کا حکم امتناعی واپس لیتے ہوئے کیس جسٹس شاہد کریم کی عدالت میں مقرر کرنے کی سفارش بھی کر دی۔ چیئرمین پی سی بی کے انتخابات روکنے کے مقدمے کی سماعت جسٹس انوار حسین نے کی۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جسٹس شاہد کریم کے پاس بھی اسی طرز کی درخواستیں زیرِ سماعت ہیں لہذا اس درخواست کو بھی سماعت کے لیے ان کے پاس بھجوا دیا جائے۔ سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ جسٹس شاہد کریم نے ایسی قسم کی درخواست پر حکم امتناعی جاری نہیں کیا لہذا حکم امتناعی واپس لیا جائے۔
درخواست گزار ملک ذوالفقار کی وکیل مس ندا کفیل نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری سے بنائے بورڈ آف گورنرز کو پی سی بی کے الیکشن کمشنر نے عہدوں سے ہٹا دیا، پی سی بی الیکشن کمشنر نے غیر آئینی اقدام کرتے ہوئے بورڈ آف گورنرز کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا اور نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دیا۔

انہوں نے عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ پی سی بی الیکشن کمشنر کا ازخود نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کا اقدام غیر آئینی قرار دیا جائے اور عدالتی فیصلہ آنے تک پی سی بی انتخابات روکنے کا حکم دیا جائے۔